گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ڈاکٹر عاصم ملاقات

کراچی ( حالات ڈاٹ کام)


ملکی سیاست بھلے ہی سکون میں ہو، لیکن سندھ کی سیاست میں دھماچوکڑی جاری ہے اس وقت توجہ کا مرکز گورنر سندھ کامران ٹیسوری بنے ہوئے ہیں ، جن کی پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین سے ملاقات پر ایک بار پھر گورنر سندھ کی رخصتی پر باتیں شروع ہوگئی ہیں ، گوکہ ملاقات کے بعد ڈاکٹر عاصم حسین کے ترجمان نے گورنر ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات کو رسمی قرار دیا ہے لیکن حالات ڈاٹ کام کے ذرائع کا کہنا ہے عید کے دوسرے دن ہونے والی اس ملاقات میں گورنر سندھ نے ہتھیار ڈالتے ہوئے ڈاکٹر عاصم سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے-

گورنر سندھ اور ڈاکٹر عاصم کی ملاقات

،واضح رہے کہ ایک دن قبل پیپلز پارٹی ہی کے سینئر رہنما وقار مہدی نے گورنر سندھ کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے گیند ن لیگ کے کورٹ میں دھکیل دی تھی ، اپنی کرسی کو جاتا دیکھ کر گذشتہ دو ہفتوں سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے توپوں کا رخ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب کردیا تھا ، گورنر کی سندھ حکومت کیخلاف بیان بازی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو شدید ناراض کردیا ہے اور وہ گورنر سندھ کی جگہ کسی اور شخصیت کے حق میں ذہن سازی کر چکے ہیں ایسے میں جب حالات ڈاٹ کام نے ڈاکٹر عاصم حسین سے کامران ٹیسوری کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خواہش کا ذکر کیا تو ڈاکٹر عاصم حسین نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین ماضی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف زرداری کے درمیان ملاقات کا حصہ بھی رہے ہیں ۔

Leave a Comment